ینگ ڈاکٹرز کا مبینہ کرپشن اور نا انصافیوں کے خلاف 9 دسمبر کو ریڈزون میں دھرنے کا اعلان

کوئٹہ(این این آئی)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان سپریم کونسل نے اعلان کیا ہے کہ 9 دسمبر 2025 بروز منگل، صبح 11 بجے ریڈ زون کوئٹہ میں ایک اہم اور فیصلہ کن دھرنا دیا جائے گا۔ اس احتجاج کا مقصد ٹراما سینٹر اور بی آئی سی وی ڈی سے متعلق قوانین، سروس اسٹرکچر اور شفافیت کے حوالے سے پائے جانے والے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔سپریم کونسل کے مطابق ان دونوں میگا پروجیکٹس کے لیے نہ تو کوئی باقاعدہ ایکٹ تشکیل دیا گیا ہے اور نہ ہی سروس اسٹرکچر واضح کیا گیا ہے، جس سے سینکڑوں ڈاکٹرز کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا ہو رہا ہے گزشتہ ادوار میں ٹراما سینٹر اور کڈنی سینٹر ہاسپٹل کے ڈاکٹرز کو بھی ایسے ہی غیر واضح فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کئی برس ضائع ہوئے۔ اسی بنیاد پر سپریم کونسل نے واضح کیا ہے کہ جب تک باقاعدہ ایکٹ اور سروس اسٹرکچر سامنے نہیں آتا، ان منصوبوں کا افتتاح نہیں ہونے دیا جائے گا۔سپریم کونسل نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ دنوں ہاو¿س افیسرز کے ساتھ PMDC قوانین کے خلاف ہونے والے سلوک کی مکمل انکوائری کی جائے اور ہاو¿س جاب سے متعلق تمام سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔مزید یہ کہ پوسٹ گریجویٹس اور ہاو¿س افیسرز کے وظائف میں اضافہ دیگر صوبوں کے مطابق کیا جائے اور اس حوالے سے جاری کردہ سمری میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے۔سپریم کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹراما سینٹر اور بی آئی سی وی ڈی کا باقاعدہ ایکٹ اور سروس اسٹرکچر فوری بنایا جائے،پوسٹ گریجویٹس اور ہاو¿س افیسرز کے وظائف دیگر صوبوں کے برابر کیے جائیں،ہاو¿س آفیسرز سے متعلق PMDC قوانین کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں،ان منصوبوں میں ہونے والی کرپشن کی شفاف انکوائری کی جائے،محکمہ صحت کی موجودہ پالیسیوں کا ازسرِ نو جائزہ لے کر انہیں بہتر بنایا جائے،سپریم کونسل نے کہا ہے کہ اگر کسی بھی ڈاکٹر کے خلاف سختی، تشدد یا گرفتاری کی کوشش کی گئی تو تحریک کو ملک گیر سطح تک بڑھا دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں