حکومت پنجاب ہر سطح پر متحرک ہے، سردار عثمان بزدار
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے اور محکمے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔ حکومت نے عوام کی حفاظت کے لیے بروقت اقدامات کر رکھے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور حکومت پنجاب عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے۔ ہم موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں اس لیے عوام ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں اور بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی اپنا طبی معائنہ کروا کے اپنی اور اہلخانہ کی حفاظت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کی حفاظت کے لیے احتیاط اور بچاؤ کے اقدامات کو ترجیح دی جائے جبکہ حکومت پنجاب ہر سطح پر متحرک ہے۔ احتیاطی تدابیر اور پیشگی اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماسک اور طبی آلات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تربیت پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔