کالعدم تنظیمیں ترقیاتی منصوبوں پر بھتہ لینے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتی ہیں، سردار عبد الرحمان کھیتران

بارکھان (آن لائن) صوبائی وزیر سردار عبد الرحمان کھیتران نے ضلع بارکھان کے علاقہ بغاو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں عوام کو درپیش مسائل براہِ راست سنے گئے۔ کھلی کچہری میں کرنل بارکھان محمد یونس، ضلع بارکھان کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔اس موقع پر امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صوبائی وزیر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبد الرحمان کھیتران نے کہا کہ بعض کالعدم تنظیمیں ترقیاتی منصوبوں پر بھتہ لینے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن انہیں ہرگز ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر آزادی کے نام پر پرچیاں تقسیم کرکے ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ یہ کوئی آزادی کی جدوجہد نہیں بلکہ علاقے کی ترقی روکنے کی سازش ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان کے ساتھ ہیں، اور ہماری افواج و سیکیورٹی فورسز بھی پاکستان کے دفاع اور امن کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ حالیہ سیکیورٹی آپریشنز پر ہم اپنی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی بدولت علاقے میں امن و استحکام قائم ہو رہا ہے۔کرنل بارکھان محمد یونس نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات پیش کیں، جن کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بارکھان میں امن، تعلیم اور ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور عوامی رابطے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں