کوئٹہ میں روزہ بسنت میلہ منایا جائے گا، ہوائی فائرنگ اور خطرناک ڈور کے استعمال سے اجتناب کیا جائے، پولیس
کوئٹہ (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آج سے 3 روزہ بسنت میلہ منایا جائے گا جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی ہے اور کوئٹہ شہر میں بسنت کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہے لاہور کے بعد کوئٹہ میں بھی آج سے 15 فروری تک 3 روزہ بسنت میلہ شروع ہوگا۔ بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور بسنت کی دیگر اشیا کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ گورت سنگھ روڈ، پرنس روڈ، علمدار روڈ، کاسی روڈ، سرکی روڈ، جان محمد روڈ، سبزل روڈ، نواں کلی، بروری روڈ، جیل روڈ، لیاقت بازار اور دیگر علاقوں میں خریداری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لوگ پتنگوں کی نئی ڈیزائن دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔آسمان جلد ہی رنگین پتنگوں سے بھر جانے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور روایتی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تہوار شہر میں تفریحی مواقع کی کمی کو پورا کرے گا۔ ایک شہری نے بتایا کوئٹہ جیسے شہر میں جہاں روزمرہ زندگی کے مسائل بہت ہیں، بسنت جیسا تہوار نہ صرف خوشی لائے گا بلکہ سماجی ہم آہنگی اور مثبت تشخص کو بھی فروغ دے گا۔ یاد رہے کہ حکومتی سطح پر بسنت کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بسنت کے تہوار کے پیشِ نظر ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے شہریوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشیوں کے اس موقع کو محفوظ اور پرامن انداز میں منائیں اور کسی بھی غیر قانونی یا خطرناک سرگرمی سے گریز کریں۔ایس ایس پی آپریشنز آصف خان کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے کیونکہ یہ عمل نہ صرف قانونا جرم ہے بلکہ اس سے قیمتی انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں اور ایک لمحے کی لاپرواہی کسی کے لیے عمر بھر کا دکھ بن سکتی ہے۔انہوں نے دھاتی ڈور، کیمیکل ملا مانجھا اور دیگر خطرناک ڈور کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے کیونکہ اس سے شہریوں، خصوصا موٹر سائیکل سواروں اور بچوں کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ممنوعہ ڈور کے استعمال کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔آخر میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بسنت کو خوشیوں، محبت اور حفاظت کے ساتھ منائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تعاون ہی پولیس کی اصل طاقت ہے۔


