بلوچستان کے اہم سیاسی رہنماﺅں کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیش نظر محکمہ داخلہ کا تھریٹ الرٹ جاری
کوئٹہ (یو این اے) محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایک اہم تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے کے تمام کمشنرز، ڈی آئی جیز پولیس اور فرنٹیر کور کو اسمبلی کے ارکان بالخصوص پانچ اہم سیاسی رہنماﺅں کی سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد عناصر کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو نشانہ بنانے کا خدشہ ہے۔ تھریٹ الرٹ میں جن رہنماﺅں کے نام سرفہرست ہیں ان میں اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری، اصغر خان ترین، زابد ریکی، مولانا عبدالواسع اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔ مراسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ مذکورہ ارکان اور ان کی رہائش گاہوں، دفاتر کا فوری سیکورٹی آڈٹ ، تھریٹ لیول کے مطابق مناسب سیکورٹی کور فراہم کی جائے اور متعلقہ علاقوں میں نگرانی، گشت اور انٹیلی جنس کوآرڈینیشن میں اضافہ کیا جائے، اس کے علاوہ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر فوری جوابی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ داخلہ نے اس معاملے کوانتہائی اہم اور فوری قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو پیشرفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔


