ضلعی انتظامیہ کیچ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا نوٹس، بدامنی کے واقعات کا سدباب کرے، بی ایس او پجار

تربت (بیورو رپورٹ) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے صوبائی و زونل وفد نے شے مرید رشید بلوچ کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی اور ایس ایس پی کیچ زوہیب محسن بلوچ سے ان کے دفتر میں باضابطہ ملاقات کی، جس میں تربت اور گردونواح میں طلباءکو درپیش اہم عوامی و سیکورٹی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے تربت تا کوئٹہ اور مکران شاہراہ پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں حالیہ غیر معمولی اور بلاجواز اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام، خصوصاً طلباءکے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ وفد نے واضح کیا کہ ایک جانب بسوں میں نہ مناسب مینٹیننس ہے اور نہ ہی سفری سہولیات کا معیار، جبکہ دوسری جانب کرایوں میں ہوشربا اضافہ ناقابل قبول ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ کرایوں کو فوری طور پر سرکاری سطح پر کنٹرول کیا جائے، ٹرانسپورٹرز کی من مانی کا خاتمہ کیا جائے اور طلباءکے لیے خصوصی رعایت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے وفد کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کے حل کے لیے جلد آر ٹی کمشنر مکران کے ساتھ اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں کرایوں کے تعین اور طلباءکو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مو¿ثر فیصلے کیے جائیں گے۔ دریں اثناءوفد نے تربت اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی بدامنی، خصوصاً چوری و ڈکیتی کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے باعث طلباءخود کو غیر محفوظ تصور کر رہے اور شدید ذہنی دباﺅ کا شکار ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی کیچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ حکمت عملی کے تحت ان واقعات پر جلد قابو پانے کے لیے مو¿ثر اقدامات کر رہی ہے۔ وفد نے آخر میں ڈپٹی کمشنر کیچ اور ایس ایس پی کیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔ وفد میں صوبائی نائب صدر نجیب ڈی ایم دشتی سمیت زونل عہدیداران مہران عطا، زبیر برکت، نصیب ڈی ایم دشتی، دلمراد ساجدی، یاسین مراد اور تنویر بلوچ شریک، میئر تربت بلخ شیر قاضی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں