نواب زہری اور میر شفیق کی رفاقت جھالاوان میں امن اور ترقی کا پیش خیمہ ہوگی، میر نصیر خان مینگل
کراچی (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر خان مینگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرحوم سردار دودا خان زہری اور مرحوم حاجی میر نیک محمد مینگل کی رفاقت جھالاوان کی قبائلی، سماجی اور سیاسی تاریخ کا ایک سنہرا باب رہا ہے جو باہمی اعتماد، روایات کی پاسداری، عزت و احترام اور مشترکہ قبائلی اقدار پر مبنی ایک مضبوط اور پائیدار تعلق تھا، جس نے اپنے دور میں علاقے میں استحکام، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی یہی مضبوط بنیادیں آج بھی جھالاوان کے امن اور ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ یہ بات انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ اسی تاریخی اور قابل فخر رفاقت کو چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری اور میر شفیق الرحمن مینگل نے نئے جذبے، سیاسی بصیرت اور قبائلی شعور کے ساتھ دوبارہ زندہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میر شفیق الرحمن مینگل کی خصوصی دعوت پر چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری کی وڈھ باڈڑی آمد محض ایک رسمی دورہ نہیں بلکہ ماضی کے دیرینہ تعلقات کی باضابطہ تجدید اور ایک نئے باب کے آغاز کا واضح اعلان تھا۔ میر محمد نصیر خان مینگل نے مزید کہا کہ یہ روایتی دورہ اس بات کا غماز ہے کہ دونوں رہنما اپنے بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے نہ صرف روایتی رشتوں کو بحال کر رہے ہیں بلکہ انہیں موجودہ حالات کے مطابق مزید مضبوط اور مو¿ثر بھی بنا رہے ہیں۔ نواب ثناءاللہ خان زہری اور میر شفیق الرحمن مینگل کی یہ مشترکہ کاوش جھالاوان کے قبائلی و سیاسی ڈھانچے میں نہ صرف مثبت ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کی فضا بحال ہوگی بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے نئے امکانات بھی روشن ہوں گے۔ یہ پیشرفت جھالاوان کے سیاسی منظرنامے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، جہاں قبائلی اتحاد کو نئی جہت ملے گی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ میر محمد نصیر خان مینگل نے اس امید کا اظہار کیا کہ نواب ثناءاللہ خان زہری اور میر شفیق الرحمن مینگل کی قیادت میں یہ نیا اتحاد مستقبل میں جھالاوان کے عوام کے لیے خوشحالی، ترقی اور یکجہتی کا پیغام ثابت ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، باوقار اور روشن روایت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


