امریکا ایران جنگ بندی، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

کراچی (ویب ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، عالمی منڈی میں جاری اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے مثبت اثرات کے باعث خام تیل کی قیمتیں 13 سے 15 فیصد تک گر گئی ہیں، جس سے عالمی معیشت کو وقتی ریلیف ملا ہے۔ برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی بیرل قیمت 17 ڈالر 31 سینٹ کم ہو کر 112 ڈالر سے گھٹ کر تقریباً 94 ڈالر 69 سینٹ پر آ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی بڑی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد قیمت 115 ڈالر سے کم ہو کر 96 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔ دوسری جانب ذرائع پیٹرولیم انڈسٹری کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 15 فیصد تک کمی کا براہِ راست اثر ملک میں پیٹرول کی قیمت پر 60 سے 70 روپے فی لیٹر تک کی کمی کی صورت میں پڑ سکتا ہے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی تقریباً 110 روپے تک کمی متوقع ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تفصیلی جائزہ جاری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ وزیرِاعظم شہباز شریف کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں