امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، مذاکرات کیلئے پاکستان نہیں جائیں گے، ایرانی وزارت خارجہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے ایرانی وفد پاکستان نہیں جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں، امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، امریکا کی جنگ بندی کی خلاف ورزی سے پاکستانی ثالث کو آگاہ کر دیا ہے۔ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران پر امن ملک ہے، امریکا نے دکھا دیا کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں، امریکا نے جارحانہ کارروائیوں کا ارتکاب کیا ہے اور جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی۔ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی تجاویز غیر سنجیدہ اور اس کے مطالبات غیر حقیقت پسندانہ ہیں، ایران نے اپنے مطالبات کو واضح طور پر بیان کیا ہے اور انہیں تبدیل نہیں کرے گا، ایران کے قومی مفادات کے تحفظ کی بات آتی ہے تو ہم ڈیڈ لائنز یا الٹی میٹم پر یقین نہیں رکھتے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران سے جوہری مواد کو باہر منتقل کرنا کبھی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں رہا، تہران کا واضح مو¿قف ہے کہ اپنی جوہری کامیابیوں کو ملک کے اندر ہی محفوظ رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں