بھارت میں جانور ذبح کرنے پر نئی پابندیاں، کسی بھی جانور کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر ذبح نہیں کیا جاسکے گا، بھارتی میڈیا
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی حکومت نے جانوروں کے ذبیحہ سے متعلق نئے سخت قواعد نافذ کردیے جن کے تحت گائے، بیل، بھینس اور بچھڑوں سمیت کسی بھی جانور کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر ذبح نہیں کیا جاسکے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جانور کو ذبح کرنے کی اجازت اسی صورت میں دی جائے گی جب متعلقہ حکام اور سرکاری ویٹرنری سرجن یہ تصدیق کریں کہ جانور کی عمر 14 سال سے زیادہ ہے اور وہ کام یا افزائش کے قابل نہیں رہا، یا مستقل بیماری، چوٹ یا معذوری کا شکار ہے۔ سرٹیفکیٹ میونسپل چیئرمین یا پنچایت کے سربراہ اور سرکاری ویٹرنری سرجن مشترکہ طور پر جاری کریں گے۔ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں متاثرہ شخص 15 دن کے اندر ریاستی حکومت سے اپیل کرسکے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ منظور شدہ جانوروں کو صرف سرکاری یا مقررہ مذبح خانوں میں ہی ذبح کیا جاسکے گا جبکہ عوامی مقامات پر ذبح مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ حکام کو معائنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے اور کسی بھی رکاوٹ کو قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید، 1 ہزار بھارتی روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی جبکہ اس حوالے سے تمام جرائم کو قابل گرفت قرار دیا گیا ہے۔


