کوئٹہ جناح ٹاﺅن، سمنگلی، کلی شابو اور دیگر علاقوں میں چوری و راہزنی کی وارداتیں، پولیس شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام
کوئٹہ (سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاﺅن تھانے کی حدود میں بدامنی، چوری، راہزنی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے نے شہریوں کو شدید پریشانی اور خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی کے بجائے کاروباری طبقے کو تنگ کرنے میں مصروف ہے۔ جناح ٹاﺅن، ارباب ٹاﺅن، سمنگلی، لہڑی گیٹ، کلی پائند خان، کلی برات، شابو اور عالمو سمیت ملحقہ علاقوں میں چوری اور راہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، سر شام شہریوں کو لوٹنے کے واقعات نے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل بنا دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق موٹرسائیکل چھیننے، موبائل فون اور نقدی لوٹنے کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں لیکن پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر وارداتیں کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جناح ٹاﺅن تھانے کے حکام کو علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں پر توجہ دینی چاہیے مگر اس کے برعکس تاجروں اور دکانداروں کو بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے، جس سے کاروباری طبقہ بھی شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ تاجروں نے شکوہ کیا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے، مگر تھانے کی توجہ عوام کے تحفظ کے بجائے دکانداروں پر دباﺅ ڈالنے، غیر ضروری پوچھ گچھ اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔ شہری حلقوں نے کہا کہ جب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام دکھائی دے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے بجائے عام شہریوں اور تاجروں کو پریشان کیا جائے تو عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ جناح ٹاﺅن تھانے کی حدود میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، پولیس گشت کو موثر بنایا جائے، چوری و راہزنی میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے اور تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ اور کاروباری طبقے کو پرامن ماحول فراہم ہوسکے۔


