حب میں عدالت سے سزا یافتہ ملزم کے فرار کا واقعہ، دو پولیس افسران سمیت متعدد افراد کیخلاف مقدمات درج، ڈسٹرکٹ پولیس ترجمان

حب (آئی این پی) حب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت سے سزا یافتہ ملزم کے فرار ہونے کے واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس حب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو پولیس افسران سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس حب کے مطابق 21 مئی 2026 کو عدالت میں زیرِ سماعت مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سزا یافتہ ملزم شہزاد بھوتانی احاطہ عدالت سے فرار ہوگیا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی حب مرزا بلال حسن کی ہدایات پر فوری تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔پولیس کے مطابق عدالتی احکامات کی روشنی میں حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ویڈیو ریکارڈنگ کے تجزیے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض افراد کی مبینہ ملی بھگت سے ملزم کو فرار ہونے میں معاونت فراہم کی گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس حب نے فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی ہیں جو ملزم کی فراری میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث پائے گئے۔ترجمان کے مطابق واقعے میں غفلت اور فرائض میں کوتاہی برتنے پر انسپکٹر علی اکبر زہری، اے ایس آئی غلام سرور اور ہیڈ کانسٹیبل رئیس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس حب کا کہنا ہے کہ قانون کی عملداری میں کسی قسم کی غفلت، جانبداری یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں