شہریوں کا ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا گروہ پنجاب سے پکڑا گیا، سرکاری افسران بھی ملوث، این سی سی آئی اے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی این سی سی آئی اے سید خرم علی کا کہنا ہے کہ شہریوں کا ذاتی ڈیٹا بیرون ملک ایجنسیوں فروخت کیے جانے انکشاف ہوا ہے۔ ڈی جی این سی سی آئی اے سید خرم علی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا جنوبی پنجاب سے ایک گینگ پکڑا ہے، یہ گینگ اہم شخصیات کا ڈیٹا چند ہزار روپے کے عوض فروخت کر رہا تھا۔ سید خرم علی کے مطابق اب تک ڈیٹا فروخت میں ملوث 4افراد کوحراست میں لیا گیا ہے ، ہمیں پتاچلاکہ مختلف اداروں کے افراد ڈیٹا لیک کےلئے تفصیلات فراہم کر رہے ہیں، ڈیٹا لیک اور ذاتی معلومات فروخت کرنے پر زیروٹالرنس پالیسی ہے۔ ڈی جی این سی سی آئی اے خرم علی کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کومطلع کررہے ہیں کہ ڈیٹا بیچنے پر کارروائی کی جائے، شہریوں کا ذاتی ڈیٹا بیرون ملک ایجنسیوں کوفراہم کیا جارہا ہے، ایسا ڈیٹا بیچا گیا جو ملکی اور اہم شخصیات کی سیکورٹی سے متعلق تھا۔ خرم علی کے مطابق این سی سی آئی اے کی اسٹیٹ بینک کےساتھ کراچی میں خصوصی کمیٹی قائم ہے، بینکوں اور شناخت کی خفیہ معلومات لیک ہونے پر مختلف گینگز کی شناخت کی، اداروں میں ذاتی معلومات لیک ہونے میں وہ افراد ملوث ہیں جن کو ڈیٹا بیس تک رسائی ہے۔ ڈی جی این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ڈیٹا بیچنے میں ملوث سرکاری افسران کےخلاف کارروائی جاری ہے تاہم سائبر کرائم سے بچنے کےلئے آگہی بہت ضروری ہے۔


