مستونگ، لک پاس کے قریب غنچہ ڈھوری کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دوسگے بھائی قتل

مستونگ(یو این اے )مستونگ کے سرحدی علاقے لک پاس کے قریب غنچہ ڈھوری کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر کے (2) سگے بھائیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین پنجپائی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر ٹارگٹ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس حکام نے لاشوں کو تحویل میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں مقتولین کی شناخت انعام اللہ شاہ مشوانی اور فرید اللہ شاہ مشوانی کے ناموں سے ہوئی، جو پنجپائی تحصیل کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے انعام اللہ شاہ مشوانی وزیراعلی ہاس بلوچستان میں بطور ملازم اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے اراضی سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔اس اسفاکانہ قتل کی واردات کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ مقتولین کے آبائی علاقے میں کہرام مچ گیا اور لواحقین غم و کرب سے نڈھال ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوں، بشمول ذاتی دشمنی اور ٹارگٹ کلنگ، سے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ہی قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں