میر خلیل احمد موسیانی کی شہادت علاقے میں قیام امن کی کوششوں کو دھچکا ہے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائے، نواب ثناءاللہ زہری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءسابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے اپنے بیان میں گزشتہ روز زہری بلبل میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں سردار نصیر احمد موسیانی کے صاحبزادہ میر خلیل احمد موسیانی کی شہادت پر گہرے دکھ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے میں بہت دکھی ہوں، اس مشکل وقت میں سردار نصیر احمد موسیانی اور ان کے خاندان کے دکھ اورغم میں برابر شریک ہوں۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے بیان میں اس دلخراش واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر چھاپہ اور چادر و چار دیواری کی پامالی کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ سردار نصیر احمد موسیانی ایک بڑے قبیلہ کا سربراہ ہے اور ان کا شمار بلوچستان کے ممتاز سیاسی اور سماجی قبائلی رہنماﺅں میں ہوتا ہے، ان کیساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آنا جس میں ان کے صاحبزادہ میر خلیل الرحمن کی شہادت ہوئی ہو بہت ہی افسوسناک ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا پیش آنا زہری میں قیام امن کے لیے مزید مسائل پیدا کرے گا اور علاقے کے عوام میں بے چینی اضطراب مزید بڑھے گا۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام تک لائے جائیں اور سردار نصیر احمد موسیانی اور ان کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سنگین واقعات سے امن دشمنوں کو مزید تقویت ملے گی جو کہ علاقہ کے امن کے لیے نیک شگون نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے