مانگی سے دو ہفتے قبل اغوا کیے گئے چار میں سے تین مغوی بحفاظت بازیاب، ایس پی زیارت
کوئٹہ(یو این اے ) بلوچستان کے ضلع زیارت کے قریب مانگی کے مقام سے دو ہفتے قبل اغوا کیے گئے چار میں سے تین افراد بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔ ایس پی زیارت طلال شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ 21 مئی کو کچ ہرنائی روڈ پر مانگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے سے لوڈ پانچ ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی۔اس واردات کے دوران ملزمان نے وہاں سے پولیس آفیسر مسعود خان پانیزئی، اشرف خان پانیزئی اور جاوید پانیزئی کو مانگی کے مقام سے، جبکہ ایک اور شخص ملک شین گل ترین کو ناکس کے علاقے سے گن پوائنٹ پر اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ ایس پی زیارت طلال شاہ نے بتایا کہ بدھ کے روز مانگی سے اغوا کیے گئے تینوں افراد بازیاب ہو چکے ہیں، تاہم چوتھے مغوی ملک شین گل ترین تاحال لاپتہ ہیں جن کی محفوظ بازیابی کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کوششیں مسلسل جاری ہیں۔


