مسائل کے حل کے لیے انتہائی قدم اٹھانے کے بجائے حکومتی اداروں سے رابطہ کریں ،معاون برائے داخلہ بلوچستان

کوئٹہ(آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر خان یوسفزئی نے وحدت کالونی کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک خاندانی سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے سماجی دباو¿، ہراسانی یا بلیک میلنگ کی صورت میں انتہائی قدم اٹھانے کے بجائے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔اپنے ویڈیو پیغام میں بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں محمد آصف نامی شخص نے اپنے بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم کی جانب سے خودکشی سے قبل ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی گئی تھی جس میں انہوں نے بعض ہمسایوں کی جانب سے مبینہ طور پر تنگ کیے جانے کا ذکر کیا تھا۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ واقعے میں نامزد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل انکوائری اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نامزد ملزم سرکاری ملازم ہونے کے باعث حکومت بلوچستان کی جانب سے معطل بھی کیا جا چکا ہے اور تحقیقات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بابر خان یوسفزئی نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کو معاشرے میں، اپنے محلے میں یا کسی بھی سطح پر ہراسانی، دباو¿ یا زیادتی کا سامنا ہو تو وہ اس کا حل خودکشی یا اپنے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے میں نہ تلاش کرے بلکہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شکایات سیل عوام کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان خود شکایات کا جائزہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ بلوچستان نے بھی شکایات کے اندراج کے لیے خصوصی کمپلینٹ سیل قائم کیا ہوا ہے جہاں شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور ہر شہری کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔معاون برائے داخلہ نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی خاتون کو کام کی جگہ، تعلیمی ادارے، محلے یا معاشرے میں ہراسانی، بلیک میلنگ یا کسی بھی قسم کی زیادتی کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر حکومت اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں حکومت کی "ریڈ لائن” ہیں اور ان کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جو عناصر خواتین کو ہراساں کرنے یا انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بابر خان یوسفزئی نے آخر میں ایک بار پھر عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کے مسئلے، ہراسانی یا معاشرتی دباو¿ کی صورت میں فوری طور پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں، کیونکہ خودکشی یا اپنے اہل خانہ کو نقصان پہنچانا کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان انتہائی قیمتی ہے اور حکومت ہر شہری کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں