دشمن اربوں ڈالرز لگا کر بلوچستان میں امن وامان کو تہہ و بالا کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ضیا لانگو

کوئٹہ ( آئی این پی ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکمران بادشاہ نہیں بلکہ عوام کے خادم ہوا کرتے ہیں ، دشمن عناصر اربوں ڈالرز لگا کر بلوچستان میں امن وامان کو تہہ و بالا کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاہم عوام ، حکومت اوربزنس کمیونٹی مل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ، ملک دشمن کاروبار کے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری پہیہ جام اور شٹرڈاﺅن ہڑتال کی کال موخر کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم ) بلوچستان حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی بھی موجود تھے ۔ میر ضیاءاللہ لانگو نے بلوچستان بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم حکمران خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں بادشاہ نہیں ۔ ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں تنصیبات ، سیکورٹی فورسز اور بزنس کمیونٹی و دیگر کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں تاہم ریاست حکومت بزنس کمیونٹی اور عوام مل کر ان کے عزائم کو ناپاک بنائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بزنس کمیونٹی کے تمام نکات پر فوری عمل درآمد ہونا چاہےے اگرچہ حکومت کے پاس تمام مسائل او رمشکلات کے حل کے لئے جادو کی چھڑی نہیں البتہ پھر بھی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ، دشمن ممالک بلوچستان میں اربوں ڈالرز لگا کر امن وامان کو تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں بلکہ وہ کاروبار و دیگر شعبوں کی بھی تباہی چاہتے ہیں ہم سب کو مل کر دہشت گردوں کو شکست دینا ہوگی احتجاج ہر ایک کا جمہوری حق ہے ، آئی جی سے کہوں گا کہ وہ جلد بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں، ہم بزنس کمیونٹی کی وفاقی حکومت کے حکام سے بھی بات کرائیں گے ، میں احتجاج موخر کرنے پر بزنس الائنس اینڈ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کا شکر گزار ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے