بچوں سے مزدوری ایک سنگین سماجی مسئلہ جوان کے بہتر مستقبل کی راہ میں رکاوٹ ہے، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں سے مزدوری ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جو نہ صرف بچوں کے بنیادی حقوق سلب کرتا ہے بلکہ ان کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتا ہے انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ، صحت اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کوئی بھی بچہ غربت، مجبوری یا استحصال کا شکار نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو مزدوری کے بجائے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہی ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ حکومت بلوچستان تعلیمی سہولیات کی فراہمی، سماجی تحفظ کے پروگراموں اور آگاہی مہمات کے ذریعے بچوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے میر سرفراز بگٹی نے والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں، نجی شعبے اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ بچوں سے مشقت کے خاتمے اور انہیں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ، تعلیم اور فلاح و بہبود ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں مل کر ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر بچہ اپنے خوابوں کی تکمیل اور روشن مستقبل کی جانب اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے