بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، کئی مکانات منہدم، متعدد افراد زخمی، پی ڈی ایم اے
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے موسیٰ خیل کے علاقے کنگری میں آج صبح آنے والے زلزلے سے ایک ہوٹل اور متعدد مکانات منہدم ہوگئے، ملبے تلے دب کر دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں کنگری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آج صبح تقریبا 8 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ کل جمعہ کو بھی موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے چھاپ میں زلزلے سے 100 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔ کل آنے والے زلزلے میں 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 19 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز بارکھان سے 58 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ زلزلے کے جھٹکے بارکھان کے علاوہ کوہلو، رکھنی اور موسیٰ خیل میں بھی محسوس کیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے باعث ضلع موسیٰ خیل کے علاقے گنگری میں ایک ہوٹل کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 مزدور زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پی ڈی ایم اے گنگری کے شمالی علاقے میں فضل نامی شہری کا گھر بھی زلزلے کے باعث منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ دریں اثنا متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور مزید نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھی موسیٰ خیل کے علاقے میں زلزلے کے جھٹکے سے کئی مکانات منہدم اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔


