پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی کا کانٹے دار مقابلہ آج ہوگا

لاہور:پاکستان اور انگلینڈ کا آج مانچسٹر میں چھوٹے فارمیٹ کا بڑا مقابلہ ہو گا، کھلاڑیوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، ٹرافی کی رونمائی نے سب کو پرجوش کر دیا۔بابائے کرکٹ انگلینڈ کی سرزمین پر ٹُک ٹُک کے بعد چھکے چوکوں کی ٹکا ٹک، ٹک ٹکی باندھ کر دیکھنے والے دیوانے بے قرار ہیں۔ چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے میں شاہین اِن ایکشن ہوں گے، انگلش کھلاڑیوں کی بھی تیاریاں مکمل ہیں۔سیریز کا افتتاحی میچ آج رات دس بجے شروع ہو گا، اولڈ ٹریفرڈ کے تاریخی میدان میں جارحانہ کرکٹ کا بِگل بجے گا۔ ٹرافی کی رونمائی نے کھلاڑیوں کو پرجوش کر دیا، جیت کے دعوے کئے جانے لگے۔ دونوں ٹیموں نے ٹریننگ کے دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب مشقیں کیں اور پلاننگ بھی فائنل کر لی۔فارمیٹ ہی نہیں کپتان اور اسکواڈ بھی نئے ہیں، بابراعظم جیت کے لیے پرعزم ہیں، کہتے ہیں سینئر، جونیئر کا اچھا کمبی نیشن ہے، کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں گے۔ نمبر ون بابر اعظم کو فخر زمان، شاداب خان، شعیب ملک، محمد رضوان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی کے تگڑے اسکواڈ کا مان ہے۔انگلش ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی، ہوم گراؤنڈ اور پندرہ میں سے دس ٹی ٹوئنٹی جیتنے کی نفسیاتی برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں