آل پارٹیز کیچ کی ثالثی میں مکران میڈیکل کالج تربت کے طلباء کا احتجاج ختم
مکران میڈیکل کالج تربت کے طلباء اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ10 دنوں سے احتجاج پر تھے جس پر آل پارٹیز کیچ میں شامل جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام یاسین بلوچ نے کالج پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق اور طلباء نمائندے سے رابطہ کرکے ان کے درمیان ثالثی کیلئے کاوشیں شروع کردیں جس پر کالج انتظامیہ اور طلباء اس سلسلے میں آل پارٹیز کیچ کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا جس پر منگل کے روز آل پارٹیز کیچ کے کنوینر یونس جاوید کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا، وفد میں آل پارٹیز میں شامل جماعت اسلامی کے امیر غلام یاسین بلوچ، پیپلزپارٹی کے رہنما نواب شمبے زئی، بی این پی عوامی کے رہنما عابد نور، جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالحفیظ مینگل، نیشنل پارٹی کے سرتاج گچکی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مولانا عاقل برکت شامل تھے جبکہ بی این پی مینگل کے رہنما نصیر احمد بگی اور شے ریاض احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مکران میڈیکل کالج تربت جاکر طلباء اورکالج انتظامیہ سے ملاقاتیں کی او ر فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، آل پارٹیز کے وفد نے پہلے طلباء سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات معلوم کئے بعد میں کالج انتظامیہ کے ساتھ طویل گفتگو کی اور مسئلہ افہام وتفہیم سے حل کرانے کی کوشش کی۔ مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق، ڈاکٹر میران بلوچ،پروفیسر حبیب صاحب، پروفیسر ثناء اللہ، ڈاکٹر عادل نے آل پارٹیز کے وفد کو تسلی سے سنا اور مطالبات پوراکرنے کی یقین دہانی کی۔ جس پر طلباء اپنا احتجاج ختم کرانے پررضامند ہوگئے اورکل18نومبرسے طلباء باقاعدہ کلاسیں لیں گے۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے ایک ہفتہ تک مطالبات پوراکرنے کی یقین دہانی پر آل پارٹیز کے نمائندگان 25نومبر کو دوبارہ مکران میڈیکل کالج جاکر پیش رفت سے آگاہی حاصل کریں گے۔


