پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا
کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ میں چیف وہپ سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کی قیادت میں پارٹی رہنماو¿ں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، آئندہ کے لائحہ عمل اور بلوچستان کو درپیش اہم عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کے ازالے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کے ہمراہ ملاقات کرنے والے وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک ذیشان حسین، رکنِ بلوچستان اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سردارزادہ صمد خان گورگیج، شہزادہ کاکڑ، ملک عیسیٰ ملازئی، صباءکاکڑ، سید ظہور آغا ایڈووکیٹ، صلاح الدین، غلام جان حسن زئی ،بلوچ خان گورگیج، ثناءاللہ دانش اور دیگر پارٹی رہنما شامل تھے۔ملاقات کے اختتام پر سید ظہور آغا ایڈووکیٹ کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو بلوچستان کی روایتی مہمان نوازی اور محبت کی علامت کے طور پر خوبصورت قالین کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔


