حکومت چوں چوں کا مربہ ہے ،وزیراعظم سمیت تمام وزیر و مشیر چورن بیچنے پر لگے ہوئے ہیں ، خواجہ آصف

سیالکوٹ :پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی راہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ موجود حکومت چوں چوں کا مربہ ہے ،وزیراعظم عمران خان سمیت تمام وزیر و مشیر چورن بیچنے پر لگے ہوئے ہیں اور عوام بیچاری مہنگائی و بے روزگاری کے ہاتھوں مجبور ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے وزیراعظم عمران خان سے کبھی این آ ر نہیں مانگا اور نہ اس حوالے سے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی اوقات ہی نہیں بلکہ وہ این آ ر او دینے کے لئے کو ئی حیثیت نہیں رکھتے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور اس کی پوری کابینہ بلکہ ٹیم کرپٹ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کرونا کے نام بر ساڑھے تیرہ کروڑ روپے فیکٹریوں کے مالکان سے اکٹھے کرکے ہڑپ کرنے والے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے وفاقی حکومت کے عہدیدار سے ابھی تک کیوں نہیں پوچھا۔انھوں نے کہا پٹرولیم مصنوعات،بجلی و گیس کی قیمتوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور عوام کو دو وقت کی روٹی بڑی مشکل سے نصیب ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین و دیگر روہنمائوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا بہت جلد جنازہ نکل جائے گا اور مسلم لیگ ن بہت جلد دوبارہ عوام کی نمائندگی کرے گی اور ایک بار پھر خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں