بین الافغان مذاکرات دوحہ میں جاری
قطر: دوحہ میں بین الافغان مزاکرات کا عمل جاری ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مذاکرات میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی افغان دھڑوں کے درمیان مذاکراتی عمل کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے انتھک کوششوں کے ذریعے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے وہ دن آن پہنچا جس کا افغان عوام کو انتظار تھا،40 سال سے افغان عوام تنازعات اور خون ریزی سے دوچار تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانی ومالی نقصان اٹھایا، شروع دن سے میرا یہی موقف تھا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔ اس کا واحد حل مذاکرات اور سیاسی تصفیہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے فریقین اپنے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے اور مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے ثابت قدم رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن و ترقی کے سفر میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، آج ہم اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر اطمینان محسوس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان رہنماؤں کی ذمہ داری ہےکہ وہ تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور مل کر سیاسی تصفیہ کیلئے مثبت انداز میں کام کریں۔


