بلوچستان میں پولیوکا ایک اور کیس سامنے آگیا
کو ئٹہ؛ بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کے کل کیسز تعداد 19تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد بلوچستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 19ہوگئی۔ ضلع قلعہ سیف اللہ میں رواں سال پولیو کا یہ پہلا کیس ہے اس سے پہلے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، ضلع پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، جھل مگسی، چاغی، دکی، جعفرآباد، صحت پور اور نصیرآباد سے بھی پولوی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ واضح رہے 21ستمبر سے بلوچستان کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر تعطل کے شکار انسداد پولیو مہمات کا سلسلہ 17اگست سے دوبارہ شروع کیا گیا تھا جس میں بلوچستان کے 25اضلاع میں 5روزہ انسداد پولیو مہم چلائی گئی تھی جبکہ اب 21ستمبر کو صوبے بھر میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطریں ہر بار پلائیں تاکہ قوم کے مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔


