کامیاب کل جماعتی کانفرنس نے نا اہل حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں ،علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کامیاب کل جماعتی کانفرنس نے چندہ چوروں اور نا اہل حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں اگر نا اہل اورسلیکٹڈ حکمران مزید چھ ماہ تک اقتدار میں رہے تو اسکے خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے، بہت جلد پی ٹی آئی کی حکومت کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے اور حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز بلوچستان سے ہورہا ہے کارکن ہرقسم کے احتجاج کیلئے تیار رہیں ،بلاول بھٹوزرداری کو 32ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ،طالب حسین ہزارہ ،سید اکبر شاہ،لیاقت مظلوم یار،شبیراچکزئی ایڈووکیٹ اوراکبر ترین نے پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے زیراہتمام روزی خان کاکڑ کی رہائش گاہ پر بلاول بھٹو زرداری کی 32ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مقررین نے بلاول بھٹو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے فرزند اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 32ویں سالگرہ پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول بھٹو نے عملی طور پر سیاست میں حصہ لیااور اب انکا شمار ملک کے بڑے سیاستدانو ں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہاجارہاتھا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی سنبھالنے کی قیادت نہیں رکھتے لیکن کل کی آل پارٹیز کانفرنس نے یہ ثابت کردیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نہ صرف پارٹی چلانے بلکہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کرنے کی بھی بھر پورصلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے ملازمین ،مزدور، کسان سمیت کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے اور انہوں نے ملک کی معیشت سمیت تمام شعبوں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کرکے رکھ دی ہیں اور کامیابی اے پی سی کے بعد وفاقی وزراء بوکھلاہٹ میں میڈیاپر آکر الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اے پی سی نا اہل حکمرانوںکے تابوت میں انشاء اللہ آخری تابوت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام پر مسلط حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے اور انکے خلاف تحریک کا آغاز بلوچستان سے کیا جارہاہے کارکن ہر قسم کی احتجاجی تحریک کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جیالوں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خاتمے کیلئے تحریکوں میں اپنا بھر پور کردارادا کیا ہے اور اب بھی سلیکٹڈ حکمرانوں میں گھر بھیجنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی سوشل میڈیا پر چل رہی ہے اور حکمران چند سڑکیں بناکریہ سمجھ رہے ہیں کہ عوام کے مسائل انہوں نے حل کردیتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے صوبے کے عوام بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ اور گیس پریشرمیں کمی سے ذہنی مریض بن گئے ہیں تو دوسری جانب انہیں بھاری بھرکم بل بھیجے جارہے ہیں جو غریب عوام کے بس سے باہرہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سی پیک کے بانی ہیں اسکی تکمیل سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور ملک کی معیشت بہتر ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدرنورالدین کاکڑکی قیادت میں پارٹی کوئٹہ سٹی میں فعال اور منظم ہورہی ہے جس پر نورالدین کاکڑاورانکی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی 32ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں