’عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی میں پارلیمانی جماعتوں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں‘ عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد سے متعلق دیگرپارلیمانی پارٹیوں کو قانون سازی کے عمل میں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں عوامی فلاح و بہبود، عوامی مفادات کے تحفظ سے متعلق قانون سازی اوراقدامات پر گفتگو کی گئی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور فراہمی میں مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، موجودہ قوانین میں جو اصلاحات یا ترامیم درکار ہیں، اس میں حکومتی اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد سے متعلق دیگرپارلیمانی پارٹیوں کو قانون سازی کے عمل میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی اعلامیے کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے بلائے گئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس پر بھی اعتماد میں لیا۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتحابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ اپنا بھرپور فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے جب کہ انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں