دیپیکا پڈوکون نے منشیات کیس میں اعتراف جرم کر لیا
بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کےدوران بھارتی فلم انڈسٹری کی صفِ اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اعتراف جُرم کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو دیے گئے اپنے بیان میں اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ اُنہوں اپنی مینیجر کرشمہ پرکاش سے منیشات کے متعلق واٹس ایپ پر گفتگو کی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحقیقاتی ٹیم دیپیکا پڈوکون سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جبکہ این سی بی آفس کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کا آغاز آج صبح ممبئی میں ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت خودکشی سے متعلق منشیات کیس میں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور شردھا کپور آج صبح ممبئی کے کولابا ایولین گیسٹ ہاؤس پہنچ گئی تھیں جہاں پوچھ گچھ کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی موجود تھی جو ان اداکاراؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب سارہ علی خان این سی بی کے بیلارڈ اسٹیٹ آفس پہنچی گئی ہیں، جہاں اداکارہ سے بھی آج پوچھ گچھ کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون کی مینیجر کرشمہ پرکاش، جن سے جمعہ کو پوچھ گچھ کی گئی تھی، آج وہ دوسرے دن بھی پوچھ گچھ کے لیے این سی بی آفس پہنچ گئیں، اس دوران راکول پریت سنگھ اور کرشمہ پرکاش سے ایک ساتھ پوچھ گچھ کی گئی جو چار گھنٹے تک جاری رہی۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے تفتیش کے دوران راکول پریت سنگھ اور کرشمہ پرکاش سے واٹس ایپ چیٹ کے بارے میں پوچھ گچھ کی جس میں مبینہ طور پر اشارہ کیا گیا تھا کہ دپیپیکا پڈوکون نے منشیات استعمال کی تھیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کا آغاز ریا چکرورتی سے ہوا تھا، سشانت سنگھ خودکشی کیس میں گرفتار ہونے والی ریا چکرورتی نے تحقیقات کے دوران یہ انکشاف کیا تھا کہ سشانت کی سابقہ گرل فرینڈ سارہ علی خان بھی اُن کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔
ریا چکرورتی نے بتایا تھا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔