طلال چوہدری کے معاملے پر حکومت پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے، رانا ثناء اللہ

لاہور :مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری کے معاملے پر حکومت پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے، ہماری کمیٹی معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق بتائےگی۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف کیس میں بے بنیاد الزامات ہیں، کیس کی کوئی حقیقت نہیں، یہ صرف ایک سیاسی انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالت سے امید ہے کہ انصاف ملے گا، ریفرنس دائر ہوچکا تو شہباز شریف کو گرفتار کرنا سیاسی مقصد ہی ہوسکتا ہے۔

طلال چوہدری کے معاملے پر بات کرتے ہوئے نون لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ نون لیگ کی کمیٹی ایک دو روزمیں اپنا فیصلہ سنائے گی، معاملے پر شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق بتائیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری کے معاملے میں حکومت کا رویہ باعث شرم ہے، طلال کے معاملے میں کارروائی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کی تقریر کے ہر حرف سے متفق ہیں، میاں نواز شریف کی تقریر پارٹی پالیسی ہے۔رانا ثناء نے بتایا کہ لندن میں نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر پی ٹی آئی نے مظاہرہ کروایا،پہلے بھی پی ٹی آئی کی طرف سے اس قسم کی گھٹیا حرکات کی جاتی رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں