اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرکے عمران نیازی نے طبل جنگ بجا دیا ہے: حافظ حسین احمد

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرکے عمران نیازی نے نیب کے ذریعہ طبل جنگ بجا دیا ہے،شہباز شریف کی گرفتاری سے پی ڈی ایم کا اتحادمزید مضبوط اور متحد ہوگا، اپوزیشن کے خلاف عمران نیازی ”نیب“ کا ہتھیار استعمال کررہے ہیں کیوں کہ نیازی ہتھیار اٹھانے نہیں بلکہ ہتھیار ڈالنے کا تجربہ رکھتے ہیں، نیب کو بظاہر احتسابی ادارہ کہا جاتا ہے لیکن حقیقت میں اپوزیشن کے لیے ”انتقامی“ ادارہ بن چکا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز کی گرفتاری پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نیب کو دو چیزوں کی بڑی مہارت ہے ایک اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف میڈیا ٹرائل اور دوسری ان کی گرفتاری جوکہ نیب آج تک کسی الزام کو عدالت میں ثابت کرسکا، انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں اور ان کی کابینہ میں سلیکٹرز کے شامل کردہ کرپٹ عناصر کی بدعنوانیاں اور کارنامے نیب کو اس لیے نظر آرہے کہ اس حوالے سے نیب اندھا بھی ہے اور بہرا بھی ہے، انہوں نے کہا کہ ادویات، چینی، گندم، بنی گالہ، بی آرٹی، مالم جبہ اور سلائی مشین جیسے میگا کرپشن کے احتساب کی نیب کو جرات ہی نہیں، انہوں نے کہا کہ نیب سمیت دیگر ادارے بھی نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کے پشتی بان بنے ہوئے ہیں جس میں شیخ چلی بھی شامل ہے جو میڈیا میں ڈنکے کی چوٹ پراپنے آپ کو ایک ادارے کا ترجمان قرار دیتا ہے ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ”ناجائز ترجمان“ کی اس شیخی اور دعوے کا نوٹس حقیقی ترجمان بھی نہیں لے رہا کیا اس خاموشی کو رضامندی تصور کیا جائے اگر حقیقت حال یہی ہے تو اس زمین بوس معاشی صورتحال میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور اس کے ادارے کی توضرورت ہی باقی نہیں رہتی تو قومی خزانے کی بچت کے لیے ان کی خدمات دیگر پیشہ وارانہ فرائض منصبی کے لیے استعمال کی جائیں اس طرح ہمیں بھی ”ناجائزترجمان“ سے دو، دو ہاتھ کرنے کا موقع بھی فراہم ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کاچیلنج کے جواب کے بعد میدان سے فرار ہونا اچھنبے کی بات نہیں اگر وہ مولانا فضل الرحمن سے معافی نہیں مانگتے تو پلان نمبر 2 کا بھی آغاز کیا جاسکتا ہے جو شیخ رشید کے لیے کسی چینل پر مناظرے سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگا،حافظ حسین احمد نے کہا کہ شیخ رشید فوج کی ترجمانی کے دعویدار ہیں اور چار دن قبل انہوں نے ترجمانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے شہباز شریف کی گرفتاری کی اطلاع دی تھی شیخ رشید کی اس پیشنگوئی سے نیب کی کاروائیوں میں ایک قابل احترام احساس ادارہ جس کی ترجمانی کے دعویدار شیخ رشید ہے پر بھی ملوث ہونے کا الزام لگایا جارہا ہے جب تک وہ ادارہ اس حوالے سے خاموش رہے گا تو ناعاقبت اندیش شیخ رشیدکے مزید نقصان کے خدشات بڑھتے جائیں گے، ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس تازہ ترین اقدام سے جہاں اپوزیشن کا اتحاد مضبوط ہوگا وہاں پر اے پی سی میں اجتماعی استعفے دینے کے تجویز سمیت جے یو آئی کے موقف کو زیادہ پذیرائی ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں