وزیر اعظم عمران خان نے ابو ظبی کے ولی عہد کے نام پر سڑک کا افتتاح کر دیا

خیبر پختونخوا :پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں 42 کلومیٹر طویل شیخ محمد بن زاید آل نھیان شاہراہ کا افتتاح کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رسا ں ایجنسی ‘وام’ کے مطابق اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات کے پاکستان امدادی پروگرام، UAE-PAP کے تحت مکمل کیا گیا ہے اور ابوظبی فنڈ برائے ترقی نے اس کیلئے 29,117,000 ڈالر کی مالی مدد فراہم کی ہے۔

اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات اور بالخصوص شیخ محمد بن زاید کیلئے پرخلوص اظہار تشکر کیا جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس سڑک کے منصوبے کی سرپرستی کی ہے۔

UAE-PAP کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفلی نے کہا کہ یہ شاہراہ خیبر پختونخوا کے خطے میں مکمل ہونے والے سب سے بڑے اور اہم جدید ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔

یہ سڑک نو شہروں اور چھ دیہاتوں کو ملاتی ہے اور اسے 627,000 سے زیادہ لوگ استعمال کریں گے۔ اس کی چوڑائی 9.3 میٹر ہے جبکہ اس میں ایک سرنگ اور نو ایک دوسرے کو ملانے والے پُل اور نکاسی آب کا نظام بھی شامل ہے تاکہ اسے برساتی پانی سے ہونے والے نقصان سے بچایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں