لیڈر شپ کے بغیر تحریک خطرناک ہوگی،یوسف رضاگیلانی
کراچی:سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے بعد سیاسی تبدیلی ہو گی، تمام آپشن موجود ہیں، لیڈر شپ کے بغیر تحریک خطرناک ہوگی،گرفتاریاں معنی نہیں رکھتیں، نیب سے ڈرنے والے نہیں، اسمبلیوں سے استعفے آخری راستہ ہوگا، فیصلہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔منگل کویہاں وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن کے 26 مقدمات کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ریفرنس میں اللہ داد، فرحان احمد جونیجو، شہباز علی، سیدہ نسرین اور نعمان احمد اشتہاری ہیں۔احتساب عدالت نے 25سے زائد کاروباری شخصیات کے ایک بار پھر ورنٹ گرفتاری جاری دیئے ۔عدالت نے ایف آئی کوحکم دیا آئندہ سماعت پر ملزمان کوگرفتار کرکے پیش کیا جائے۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگومیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ سیاسی استحکام معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے، میں نیب زادہ نہیں نیب زدہ ہوں، میرے باری تو پہلے آئی ہوئی ہے۔ جیل میرا دوسرا گھر ہے۔ استعفے سمیت تمام آپشن موجود ہیں، سب سے پہلے دیگر آپشن استعمال کریں گے۔ اسمبلی چھوڑنے کا معاملہ آیا تو فیصلہ تمام جماعتوں کا ہوگا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گرفتاریاں معنی نہیں رکھتیں، دیکھنا ہے حکومت کا معیار کیا ہے، اگرحکومت منشور پرعمل درآمد ہوتا ہے تو عوام مطمئن ہوں گے، اگر لیڈر شپ کے بغیر کوئی تحریک ہوگی تو یہ خطرناک ہوگا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھے، بلوچستان سمیت ہرجگہ سے سیاسی مقدمات ختم کئے ملک کو آگے چلانا چاہتے تھے،ہم نے کہا تھا 73 کے آئین کو بحال کریں گے وہ ہم نے کیا، ہماری قربانی سے ملک بہتر ہوسکتا ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ۔