کوئٹہ جلسے کو پریس کانفرنس اور بیانات کے ذریعے نہیں روکا جاسکتا، پیپلزپارٹی بلوچستان
کوئٹہ؛پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو سلیکٹڈ حکومت اورانکے سلیکٹڈ اتحادی نہ روک سکتے ہیں اور نہ ہی کوئٹہ میں والے جلسے کو محض پریس کانفرنسیں یا بیانات دیکر ناکام بنایا جاسکتا ہے کوئٹہ میں عوام کا سمندر حکومت کو جواب دے گا کہ عوام نے کسے مسترد کیا ہے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں صوبائی ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی ہے جس کی پاداش میں 2018ء میں ماضی کی روش کو برقراررکھتے ہوئے ہمیں ایک بار پھر دیوار سے لگایا گیا اور انتخابی نتائج میں پری پلان دھاندلی اور انجینئرنگ کرکے ایسے لوگوں کو ایوانوں میں لایا گیا جو کونسلر بننے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے کے اعلان سے ہی حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ اسکا ہر ترجمان الگ الگ بیان دے رہا ہے کوئٹہ کا جلسہ تو آغاز ہے جوکہ جب اپنی انتہاء کو پہنچے گا تو نہ حکومت بچے اور نہ ہی اسکے نام نہاد اتحادی اورترجمان بچیں گے ۔ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کاجلسہ کوئٹہ کی سیاسی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم کریگا یہ جلسہ ابتداء ہے کہ بلوچستان نے بھی سلیکٹڈ حکومت اوراسکے اتحادیوں کو مسترد کیا ہے اور اب وہ اس حکومت سے نجات ضرور حاصل کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ صوبے بھر سے جیالے جلسے میں آئیں گے شرکت کریں گے اورواپس بھی جائیں گے اورانہیں کوئی بھی طاقت روک نہیں سکے گی ۔


