بلوچستان ایک بار پھر جمہوریت بچانے کے لئے اول دستے میں کھڑا ہوگا، جنرل قادر بلوچ
کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ کے جلسے میں بلوچستان کے عوام مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا اعلان کریں گے بلوچستان ایک بار پھر جمہوریت بچانے کے لئے اول دستے میں کھڑا ہوگا ملک کے مسائل کاحل مسلم لیگ (ن) ممکن بنا سکتی ہے صوبے کے تمام ضلعی عہدیدار جلسے میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے استحکام، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پی ڈی ایم نے فیصلہ کن جنگ شروع کی ہے وہ دن دور نہیں جب ہماری تحریک کامیاب اور عوام دشمن حکومت کا خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں کا شکار کرکے ملکی ترقی کو روک دیا گیا ہے آج ملک میں ہر شخص پریشان ہے اور ترقیاتی عمل رکا ہے معیشت تباہ حال ہے قرضے بڑھ رہے ہیں ایسی صورتحال میں پی ڈی ایم ہی وہ پلیٹ فارم ہے جو مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کر رہا ہے 25 اکتوبر کا جلسہ بلوچستان میں نئی تاریخ رقم کریگا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پی ڈی ایم کی روح رواں ہے کوئٹہ کے جلسے میں بھی ہم اپنی بھر پور قوت کا مظاہرہ کریں گے پارٹی عہدیدار اور کارکن بھر پور انداز میں صوبے بھر سے اپنی شرکت کو جلسے میں یقینی بنائیں اور کوئٹہ کے جلسے کو کامیاب بنا نے میں اپنا کردار ادا کریں۔


