بلوچستان اسمبلی میں پی ڈی ایم کیخلاف حکومتی قرارداد منظور، اصغراچکزئی نے مخالفت کی

کوئٹہ؛اجلاس میں صوبائی وزراء و حکومتی اراکین سردارمحمد صالح بھوتانی، سردار یار محمد رند، سلیم احمد کھوسہ، سردار عبدالرحمان کھیتران، میر ضیاء اللہ لانگو، عبدالخالق ہزارہ اور مبین خان خلجی کی مشترکہ قرار داد ایوان میں پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میرظہوراحمدبلیدی کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے چند سیاسی جماعتوں پی ڈی ایم نے ملک کے مختلف حصوں میں جلسے جلوس کے نام پر جو واویلا مچارکھاہے وہ گزشتہ انتخابات میں اپنی اپنی شکست خوردگی کی بھڑاس نکالنے کے سوا کچھ نہیں،جمہوری عمل میں جلسے اور احتجاج اگرچہ ہرشخص وگروہ کاجمہوری حق ہے لیکن گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسوں میں ریاستی اداروں کے خلاف جس انداز میں زہر اگلوائے گئے وہ یقینا کسی بھی محب وطن پاکستانی کیلئے ناقابل برداشت ہے ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور کردار کشی کسی بھی قومی سیاسی جماعت کا خاصہ نہیں ہوسکتی،ان سیاسی جماعتوں نے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے ذریعے قوم اور اداروں کے درمیان دوریان اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔اور یہ کہ ان غیرذمہ دار سیاسی جماعتوں نے جلسوں میں اپنے گفتار وکردار کے ذریعے ملک میں انارکی،سیاسی،سماجی اور معاشی عدم استحکام لانے کی سازش کی ہے ایک ایسے وقت میں جب ملک وقوم کو معیشت،ایف اے ٹی ایف سمیت داخلی وخارجی سطح پر چیلنجز درپیش ہیں ایسے وقت میں قومی یکجہتی کامظاہرہ کرنے کی بجائے ریاستی اداروں پر بہتان تراشی اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششوں سے ظاہر ہوتاہے کہ نام نہاد جلسوں میں شامل جماعتیں کسی صورت ملک وقوم کی خیرخواہ نہیں،ہم آج اس قرارداد کے ذریعے واضع کرناچاہتے ہیں کہ پاکستان اور بلوچستان کی عوام پاک فوج سمیت تمام ریاستی اداروں کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اس کے برعکس گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسوں میں ریاستی اداروں پر دشنام طرازی اور قوم میں انتشار پھیلانے والوں کے طرز عمل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں بلوچستان کے عوام اپنی فوج اور اداروں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے نظرآئیں گے کہا کہ جلسے جلوس کرنا سب کا جمہوری حق ہے مگر کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ اپنے اداروں کے خلاف بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ففتھ جنریشن وارہے بھارتی میڈیا اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے۔ ظہوربلیدی کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل ڈیسک بجاتے رہے اور ووٹ کو عزت دو، آٹا، چینی، گیس،بجلی چور کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر کان پڑی آواز بھی سنائی نہ دی۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ قرار داد پر جمہوری انداز میں بات کرکے اس کی حمایت یا مخالفت کی جاسکتی ہے ہمیں ایوان کو جمہوری طریقے سے چلاتے ہوئے ایک دوسرے کی بات تحمل سے سننی چاہئے۔ انہوں نے فلور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کے حوالے کیا جنہوں نے قرار داد کی مخالفت اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز جلسے میں مقررین کو شاید غور سے نہیں سنا گیا۔ یہ وہی لوگ تھے جنہوں نے گوجرانوالہ اور کراچی میں تقریریں کیں اوران پر بغاوت کے مقدمات بنائے گئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں بیٹھے بہت سے لوگ مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی،جمعیت العلماء اسلام، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے وابستہ رہے ہیں کیا انہیں بغاوت صرف کل کے جلسے میں محسوس ہوئی۔ ایک دن میں ایسا کیا ہوا کہ انہیں غداری اور بغاوت تک پہنچادیا گیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں بلوچستان میں چیک پوسٹوں پر ناروا رویے، اسدخان اچکزئی سمیت مسنگ پرسنز کی بازیابی کامطالبہ کیاگیا کہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے کوئٹہ کے محفوظ ترین علاقے ایئر پورٹ روڈ سے ایک ماہ قبل اسدخان اچکزئی کو لاپتہ کیاگیا کوئٹہ کی سیکورٹی کے لئے دس ارب روپے خرچ کئے جاتے ہیں جبکہ دن دیہاڑے لوگ لاپتہ ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں سندھ پولیس کے آئی جی کو رات دو بجے اغواء کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے افسران کو خراج تحسین اور کراچی واقعے میں روا رکھے گئے رویے کی مذمت کی گئی۔ جلسے میں سندھ، بلوچستان کے جزائر کے ایوان صدر آر ڈیننس فیکٹری کے ذریعے قبضہ کرنے کی مذمت کی گئی رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کے ساتھ روا رکھے گئے رویے کی مذمت کی گئی۔ جلسے میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر قانون کو اخلاقی طو رپر مستعفی ہونا چاہئے جلسے میں ووٹ کے تقدس، صاف اور شفاف انتخابات کی بات کی گئی انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کو قانوناً نوٹس لینے کا اختیار نہیں وزیراعظم کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہئے انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے خدمات سرانجام دینے والے جنرل قادر، جنرل عبدالقیوم، جنرل صلاح الدین اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم تک کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کئے گئے یہ مقدمات درج کرکے دنیا کو کیا پیغام دیا گیا کہ ہم کشمیر کے معاملے پر قوم کو دھوکہ دے رہے تھے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر جمہوری قرار داد ہے جسے دیکھ کر افسوس ہوا۔ہمارے اکابرین نے جمہوریت کے لئے بہت سی قربانیاں دی ہیں ان کی تاریخی جدوجہد ہے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کے طو رپر اس قرار داد کی مذمت کرتا ہوں اس موقع پر سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف سے آئی جی سندھ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لینے کی درخواست کی تھی جس پر ملکی مفاد میں آرمی چیف نے نوٹس لیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ملکی مفاد میں بروقت اور درست فیصلہ کرکے حالات خراب ہونے سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے پلیٹ فارم سے یہ واضح کرلے کہ ان کی کیا پالیسی ہے۔صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ ہمیں اس ایوان میں کھڑے ہو کر نہایت ذمہ داری سے بات کرنی چاہئے تمام صورتحال کو دیکھ کر اور پوری ذمہ داری سے ایسی بات کی جائے جس سے حالات خرابی کی جانب جانے کی بجائے بہتری کی جانب جائیں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ رہا ہے کہ ہم نے اپنے اداروں کو مضبوط نہیں کیا بلکہ اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے رہے ففتھ جنریشن وار میں بھی یہی ہورہا ہے اور ملک کے سب سے مضبوط ادارے کے خلاف باتیں ہورہی ہیں ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا چاہئے اور کوئی ایسی بات نہ کریں کہ جس سے یہ محسوس ہو کہ کوئی کسی اور کے ایجنڈے پر بات کررہا ہے ہر ملک میں اس کے اپنے ادارے ہوتے ہیں فوج سمیت دیگر اداروں کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں تین مرتبہ کے وزیر اعظم کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیانیہ آتا ہے اور ملک کے سب سے مضبوط ادارے کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اس سے کس کو خوشی ہوگی یقینی طو رپر اس سے بھارت سمیت پاکستان کے ہر دشمن کو خوشی ہوگی یہ گھر ہمارا ہے اور گھر کی بات گھرمیں رہے، گھر کی بات باہر جانے سے دنیا میں ہم پر انگلیاں اٹھیں گی۔ کسی دوسرے کے مقابلے میں تین مرتبہ کے وزیراعظم کو ملک، خطے اور عالمی صورتحال کا زیادہ بہتر طریقے سے احساس ہوگا۔ عالمی حالات، کشمیر سمیت دیگر چیلنجز کا بھی ان کو بخوبی علم ہوگا مگر ان کا بیانیہ دشمن کو فائدہ پہنچا رہا ہے ہم نے اپنے اداروں کو کمزور یا متاثر نہیں کرنا یہ صوبوں، وفاق سمیت جمہوریت اور کسی کے بھی حق میں نہیں ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ملک کو نقصان پہنچے سابق وزیراعظم کی تقریر کسی عام شخص کی تقریر نہیں بلکہ ایک ذمہ دار شخص کی تقریر ہوتی ہے انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے کل ایک دوسرے کو سڑکوں کوگھسیٹنے کی باتیں کرنے والے آج ایک دوسرے کے دوست بنے ہوئے ہیں ہم کہتے ہیں کہ تمام سیاسی قائدین سیاسی جمہوری انداز اختیار کریں ملک میں سیاسی جمہوری جدوجہد کی جائے اور ففتھ جنریشن کے تحت ملک کے اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ کل کے جلسے میں جو باتیں ہوئیں اس سے ایسا محسوس ہوا کہ دل کی بھڑا س نکالی گئی اور عداوت کی بنیاد پر باتیں کی گئیں جو نہیں ہونی چاہئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن مبین خلجی نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسوں میں گیارہ جماعتی اتحاد نے جو زبان استعمال کرکے اداروں پر تنقید کی ہے وہ درست عمل نہیں چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ حکومت میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی آڑ میں پشتونوں پرجو ظلم کیا اس وقت گورنری اور کشمیر کمیٹی والوں نے کوئی بات نہیں کی انہوں نے کہا کہ صوبے میں پشتونخوا میپ، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت جمعیت اور بی این پی نے گرائی انہوں نے کہا کہ اصغرخان اچکزئی کی اپوزیشن سے مخالفت صرف فنڈز تک ہے اور آج ان کی حمایت میں بول رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے اگر انتخابات ٹھیک نہیں تھے تو مولانافضل الرحمان نے صدارتی اور ان کے بیٹے نے ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کیوں لڑا؟صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جلسے جلوس کرنا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے مگر اداروں پر تنقید کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی یہ ملک ہے تو ہم ہیں

۔ملکی اداروں پر الزامات کس کی خوشنودی کے لئے لگائے جارہے ہیں عوام نے انہیں انتخابات میں مسترد کیا اب یہ اگلے انتخابات تک عوام کو تسلی دیتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی زبان کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے میں اویس نورانی نے آزاد بلوچستان کی جو بات کی انہیں یہ سٹیج کس نے فراہم کیا یہ سب اس عمل میں برابر کے شریک ہیں اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی اخترحسین لانگو نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں تیسرا جلسہ تھا جس کے بعد پشاور‘ ملتان اور لاہور میں جلسے ہونے ہیں جلسہ میں کسی بھی خاص ادارے کے خلاف بات نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ اگر جنرل ضیاء الحق آئین کی خلاف نہ کرتا تو مسلم لیگ نہ بنتی ججز کو گرفتار کرنا سپریم کورٹ کو معطل کرنا کیاتھا کیا اس سے ملک کی بدنامی نہیں ہوئی انہوں نے کہا کہ اگر بات ہوئی تو آئین اورقانون کی بات ہوئی ہے ہاں جلسہ میں پاپا جونز کی بات ضرور ہوئی اخترحسین لانگو کی تقریر پر ایوان میں شور شرابا اور ایک ساتھ بولنے سے اسمبلی میں کان پڑی آواز سنائی نہ دی اپوزیشن کی جانب سے حکومتی ارکان کے بولنے پر شدید ہنگامہ آرائی اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤکیا اسپیکر نے اپوزیشن کے احتجاج کے دوران قرار داد پر رائے شماری کرائی اور قرار داد کو منظورکرنے کی رولنگ دی بعدازاں اسمبلی اجلاس کو 29 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں