گلگت بلتستان میں حکومت بناکر عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلائیں گے، بلاول بھٹو زرداری
اسکردو :چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر یہاں کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلائیں گے اور عوام کو عمران خان سے بچانا ہے، پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کیلئے فیصلے کرینگے۔گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران اسکردو کے علاقے روندو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج تک لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر یہاں کے فیصلے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی پی پی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے لیے فیصلے کریں گے اور وزیراعظم کون بنے اس کا فیصلہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پی پی پی کا ساتھ دیا تو یہاں کے عوام کا مستقبل بدل دیں گے،انہوں نے کہا کہ عوام کو عمران خان سے بچانا ہے کیونکہ دو سال میں ہمارے پاکستان کو جو حال بنایا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مزدور، ڈاکٹر، نرسز، طلبہ یہاں تک کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی احتجاج کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے عوام کو پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت ہر ادارے سے لوگوں کو بے روزگار کر رہا ہے، اسٹیل میل کو بند کر کے وہاں کے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کر رہا ہے۔مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تباہی سے گلگت بلتستان کو بچانا ہے، ایک ہی پارٹی ہمیشہ اسکردو اور گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنی ہے وہ صرف اور صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے اور یہاں کے عوام غیرت مند ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ صرف اقتدار اور حکومت بنانے کی لڑائی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا سوال ہے، کسی لوٹا اور آزاد کے ساتھ نہیں دینا بلکہ پی پی پی کا ساتھ دیں اور ہم آپ کو حق حاکمیت اور حق حکمرانی دلا کر رہیں گے۔


