کرونا وائرس، باتیں نہیں عملی کام کرنے کا وقت ہے، سردار صالح بھوتانی

حب: صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس جیسے مہلک مرض کے حوالے سے صوبے میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور جس طرح ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اسی طرح سے صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی پر بھر پور توجہ دی جائے بلدیاتی اداروں کے زیر نگرانی پبلک پارکس اور دیگر مقامات کو بند رکھا جائے۔ سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاکہ صوبے کے بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز اور دیگر افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے انھوں نے کہاکہ اس بابت کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انھوں نے کہاکہ یہ وقت صرف باتیں کرنے کا نہیں بلکہ عملی طور پر کام کر کے اپنے عوام کی صحت کا خیال رکھنے کا ہے انھوں نے عوام الناس سے بھی ا پیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ایک مہلک مرض ہے جس نے دنیا کے سینکڑوں ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور تباہی کا باعث بن رہا ہے انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کا واحد علاج سے زیادہ موثر احتیاط ہے لہٰذا لوگ زیادہ رش والے مقامات پر جانے اور بلاجواز سفر کرنے سے گریز کریں انھوں نے کہاکہ اس مرض سے بچانے والی سب سے بڑی ذات رب پاک کی ہے اور اللہ ہم سب پر رحم کرے تاکہ ہمارا ملک اور ہمارے صوبے کے عوام اس بیماری سے محفوظ رہیں سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاکہ کرونا سے مقابلہ کرنے کیلئے ہم سب حکومتی سطح پر ایک ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حکومت کی سطح پر اس مرض سے بچاؤ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انھوں نے کہاکہ عوام حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں انھوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں وہ اپنے عوام کے ساتھ ہیں اور حکومت اور عوام نے مل کر ایک دوسرے سے تعاون کر کے اس مصیبت کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں