انصاف کے تقاضوں کو مقدم رکھا جائے گا،چیف جسٹس بلوچستان
ہرنائی: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے بائی پاس روڈ پر ڈی سی کمپلیکس سے منسلک نو تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ,جسٹس عبداللہ بلوچ, جسٹس حمید بلوچ, ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انسپکشن افتاب لون, صوبائی وزیر نور محمد دمڑ, ایڈیشنل سیشن جج عنایت اللہ کاکڑ, سیکرٹری ٹو چیف جسٹس ملک شعیب سلطان, ایم۔پی۔اے لیلی ترین و دیگر اعلی سرکاری عہدیداران, وکلاء برداری کے نمائندگان, سیاسی و مذہبی شخصیات بھی موجود تھے۔ جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ کے ہرنائی پہنچنے پر جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ہرنائی میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر ایک بڑا اور احسن اقدام ہے اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دیلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس کمپلکس میں لوگوں کو انصاف کے حصول میں ایک چھت تلے سہولیات میسر آسکیں گی انہوں نے کہا کہ جوڈیشل ادارے انصاف کی علامات کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی عمل داری اور انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا، بلوچستان بھر میں انصاف اور قانون کے مطابق ہر فیصلے میں میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے، انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ قانون کے بر خلاف کسی بھی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں عوام الناس کی فراہمی انصاف کو کیلئے عدلیہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ انہیں بہرصورت انصاف ملیگا۔ چیف جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جوڈیشل کمپلکس کی یہ عمارت اب بن چکی ہے لیکن یہاں پر وکلا, ججز اور عوام کے جو بھی مسلے ہوں انکی حل کیلیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ اور جوڈیشل کمپلیکس میں بیٹھنے کے لئے لیے بینچیز, پینے کے لئے صاف پانی اور سردی اور گرمی کے موسموں میں ضروری انتظامات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ مسنگ فیسلٹیز کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کی خاطر ہرنائی کو سیشن ڈویڑن ڈیکلیر کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور یہاں کے سیشن جج کی پوسٹ کو اپ گریڈ کرکے اسے سیشن جج کا درجہ دیا جائیگا۔


