کیسکو حکام نے روش نہ بدلی تو احتجاج کی راہ اپنائینگے، ملک نصیر شاہوانی

کوئٹہ:بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر شاہوانی نے کیسکو اور حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طول عرض میں زمینداروں کو 24 گھنٹوں میں تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ (سوموار) کی صبح گیارہ بجے زمینداروں کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا جس میں احتجاج کا فیصلہ ہوگا یہ بات انہوں نے زمینداروں کے مختلف وفود سے گفتگوکے دوران کہی انہون نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی طرح صوبے میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤکا خوف پھیلا ہوا ہے حکومت اور کیسکو حکام بلوچستان کے طول و عرض میں زمینداروں کو 24 گھنٹوں میں 3 سے 4 گھنٹے بجلی فراہم کررہے ہیں۔ہر سال سیزن میں بجلی کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ سے زمینداروں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے اور آج اسی روش پر عمل پیرا ہوکر کیسکو حکام یہ اقدامات اٹھارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اگر کیسکو حکام اور حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو زمیندار ایکشن کمیٹی ان مسائل سے زمینداروں کو چھٹکارا دلانے کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے جس سے حالات کی تمام ذمہ داری حکومت اور کیسکو حکام پر عائد ہوگی احتجاج کے دوران زمیندار کرونا وائرس کا شکار ہوتے ہیں تو اس کی ذمہ داری بھی کیسکو حکام پر عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ زمینداروں کے ٹیوب ویلوں سے ہی صوبے کے 80 فیصد لوگ پینے کا پانی حاصل کرتے ہیں اس وقت قلعہ عبداللہ، پشین،بوستان، اغبرگ، دشت سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے علاوہ زمینداروں کے ٹیوب ویلز کو 24 گھنٹوں میں 3 سے 4 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے سیزن میں فصلوں اور باغات کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن عین سیزن کے وقت میں کیسکو کی جانب سے بجلی کی بندش اور اس کی فراہمی کو معطل کیا جاتا ہے جس سے فصلیں خراب ہورہی ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے ہی بلوچستان میں زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے اور ماضی میں آنے والی قحط اور خشک سالی لاکھوں کی تعداد میں پھلدار باغات کے درخت، خشک کردیئے تھے جنہیں لوگوں نے ایندھن کے طور پر استعمال کیا اور ایک بار پھر زمینداروں کو نان شبینہ کا محتاج بنانے کیلئے کیسکو حکام نے بجلی کی بندش کا وطیرہ شروع کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ زمینداروں کے اس فوری نوعیت کے مسئلے کے حل کے لئے آج صبح گیارہ بجے زمیندار ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں عہدیدار نمائندے اور زمیندار شرکت کریں گے اور اجلاس میں حکومت اور کیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے دورانیے میں کمی کے حوالے سے متفقہ طور پر لائحہ عمل طے کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کریں گے احتجاج کے لئے تمام قانونی اور جمہوری طریقہ کار اختیار کیا جائے گا تاکہ زمینداروں کو اس مسئلے سے نجات دلائی جاسکے احتجاج کے دوران زمیندار اگر کرونا وائرس کا شکار ہوتے ہیں تو اس کی تمام تر ذمہ داری کیسکو حکام پر عائد ہوگی کیونکہ زمیندار اپنے بچوں کو نان شبینہ کا محتاج نہیں ہونے دیں گے زمینداروں کو اس مسئلے سے چھٹکارا دلانے کے لئے احتجاج کے تمام راستے اختیار کرتے ہوئے اسمبلی فلور پر بھی آواز بلند کریں گے ملک نصر احمد شاہوانی نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں اور دیگر نمائندوں سے اجلاس میں وقت مقررہ پر اپنی شرکت کو یقینی بنانے کی استدعا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں