کم از کم 74 مہاجرین لیبیا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں غرقاب

اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین(آئی او ایم) کا کہنا ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں ایک کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 74 مہاجرین ہلاک ہوگئے۔
اس کشتی پر 120 سے زیادہ مہاجرین سوار تھے۔ یہ حادثہ جمعرات کے روزپیش آیا۔ لاشوں کی تلاش کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ اس دوران اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اکتوبر کے بعد سے ہجرت کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
آئی او ایم نے بتایا کہ رپورٹوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ مہاجرین کی اس کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت 120 سے زیادہ افرا سوار تھے۔ کوسٹ گارڈ کے عملے اور ماہی گیر47 افراد کو ساحل تک لانے میں کامیاب رہے جبکہ اب تک 31 لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔
آئی او ایم نے بتایا کہ بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتی کی غرقابی کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ تنظیم نے کہا کہ اکتوبر کے اوائل سے وسطی بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتیوں کے ڈوبنے کے اب تک کم از کم آٹھ واقعات پیش آچکے ہیں۔
آئی او ایم کے مطابق اس سال بحیرہ روم میں اب تک کم از کم 900 افراد ڈوب چکے ہیں، جبکہ 11000 سے زائد دیگر کو جنگ زدہ لیبیا واپس بھیجا جاچکا ہے جہاں، اقوام متحدہ کے مطابق، انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، قید، استحصال، بردہ فروشی اور مختلف نوعیت کی زیادتیوں کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں