ہزارہ ثقافت امن و بھائی چارے اور محبت کا درس دیتی ہے، چیئرمین ایچ ڈی پی

کوئٹہ (آن لائن) ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام اقوام کی ثقافت میں انسان دوستی ، برداشت ، رواداری ، برابری اور برادری کو اولیت دی گئی ہے اسی طرح ہزارہ ثقافت بھی ہمیں امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیکر تمام انسانوں سے احترام سے پیش آنے کا سبق دیتی ہے ہم اپنے بزرگوں کے روایات کے امین کی حیثیت رکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں گے کہ ہمارے کسی عمل سے کسی شخص کی دل آزاری نہ ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ یوم ثقافت کے موقع پر ایک بڑے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس سے قبل انہوں نے یوم ثقافت کی تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا اس دوران پارٹی کے نائب چیئرمین اول مرزا حسین ہزارہ، جنرل سیکرٹری احمد علی کوہزاد، ڈپٹی سیکرٹری محمد رضا ہزارہ ، سیکرٹری اطلاعات قادر علی نائل اراکین مرکزی کونسل ، ضلعی عہدیداران ، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر منظور حنان، کیبلاغ ہزارگی کے صدر محمد علی تورانی، انجمن اوماغ نو علاقہ مقررین و معتبرن کی بڑی تعداد موجود تھے جبکہ تقریب سے کیبلاغ ہزارگی کے صدر محمد علی تورانی نے بھی خطاب کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قادر علی نائل نے انجام دیئے پارٹی رہنماءنے کہا کہ ہماری ثقافت خطے میں آباد برادر اقوام کے ثقافت کے درمیان ایک پھول کے مانند ہے تمام اقوام کا کلچر یکجا کیا جائے تو یہ ایک خوبصورت گلدستہ بن جائے گا جبکہ اگر ایک بھی ثقافت کو نکالا جائے تو گلدستہ نا مکمل اور ادھورا رہ جائے گا ہم چاہتے ہیں کہ اچھے سچے اور بہترین روایات کی بنیاد رکھیں تاکہ وہ آگے جاکر ہماری آنے والی نسلوں کے کلچر کا حصہ بنے ہم نہیں چاہتے کہ ایسی روایات اپنے نوجوان نسل کو دیں جو ان کے لئے شرمندگی کا باعث بنیں عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ 8 فروری کے دن عوام نے اپنے لئے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کیا مگر اس کے بعد واردات کی گئی عوام کی رائے پر دن کی روشنی اور رات کے اندھیرے میں جس طرح شب خون مار کر ان کی رائے تبدیل کرکے فارم 47 متعارف کردیا گیا اس کے ذریعے ایک غلط سیاسی کلچر کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی گئی اور اگر اسی طرح یہ سلسلہ جاری رہا تو عوام کا اعتماد سیاسی عمل پر سے ختم ہوجائے گا اور ایک ایسی روایات کو فروغ حاصل ہوگا جس میں آکشن کے ذریعے نمائندگی کا انتخاب کیا جائے گا اور اگر آکشن کا سلسلہ شروع ہوا تو نہ سیاستدان رہیں گے نہ ہی سیاسی عمل یہ سلسلہ کسی اور جگہ پر جاکر ختم ہوگا۔ پارٹی رہنماءنے یوم ثقافت پر پوری دنیا میں آباد ہزارہ قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ قوم گزشتہ چند سالوں سے جس جوش و جذبے کے ساتھ اپنی ثافت کے دن کو مناتی ہے اس سے ایک چیز واضح ہورہی ہے کہ اب ہم ایک باشعور، بیدار اور سیاسی طور پر آگاہ قوم ہونے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین عبدالخالق ہزارہ، پارٹی رہنماؤں، انجمن اوماغ نو کیبلاغ ہزارگی ، ایچ ایس ایف اور دیگر معززین نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اسٹالوں پر موجود افراد سے ان کے مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کی اسٹالوں پر ہزارگی دستکاری، ہنر مندی ، کتابوں اور دیگر ثقافتی اشیاءموجود تھے۔ اس دوران مہمانوں کو ویلکم ٹیبلو کے ذریعے خوش آمدید کہا گیا جبکہ کئی خاکے پیش کئے گئے۔ شعراءنے محفل مشاعرہ منعقد کیا جس میں شاعروں نے اپنے کلام پیش کئے۔ آخر میں ہزارہ گلوکاروں نے محفل موسیقی میں اپنی خوبصورت آوازوں میں ہزارگی موسیقی کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں