مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی تو امریکا ایران پر ہزاروں میزائل داغ دے گا، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکا فوری طور پر ایران پر ہزاروں میزائل داغ دے گا۔ ہفتے کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی حکومت دنیا کے مختلف حصوں میں بارہا دہرائی گئی اس دھمکی پر عمل کرتی ہے کہ وہ امریکا کے موجودہ صدر یعنی مجھے قتل کرے گی یا قتل کرنے کی کوشش کرے گی تو اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب پہلے ہی ایک ہزار میزائل نشانے پر رکھے جا چکے ہیں اور ان کے فوراً بعد مزید ہزاروں میزائل بھی داغے جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت میں احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں اور امریکی فوج ایک سال کے عرصے کے لیے، جس میں ضرورت پڑنے پر توسیع بھی کی جا سکتی ہے، ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے تیار، پرعزم اور مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعرات کو ایک امریکی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے امریکا کے ساتھ نئی انٹیلی جنس معلومات شیئر کی ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان سے صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کے ایرانی منصوبے کا اشارہ ملتا ہے۔ لیکن رپورٹ میں یہ واضح نہیں ہے کہ خفیہ معلومات کب یا کس ذریعے سے پہنچائی گئی تھیں۔


