بی ایس او شال زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد، ایوب بلوچ صدر اور کامران رودینی جنرل سیکریٹری منتخب
پ ر : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ایک جاری بیان کے مطابق شال زون کا جنرل باڈی اجلاس بنام شہید حمید بلوچ، زونل آرگنائزر و مرکزی کمیٹی کے رکن عاطف رودینی بلوچ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور، تنقیدی نشست اور زونل انتخابات سمیت مختلف ایجنڈوں پر تفصیلی بحث و مباحثہ کیا گیا۔ اجلاس کی کارروائی ڈپٹی آرگنائزر و مرکزی کمیٹی کے رکن ایوب جاموٹ نے چلائی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچ طلبہ سیاست کو درپیش چیلنجز کے باوجود بی ایس او نے ہمیشہ قومی شعور، سیاسی آگاہی، فکری بالیدگی اور طلبہ کے بنیادی حقوق کی جدوجہد میں اپنا تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ حالات میں نوجوان نسل کو درپیش سیاسی، سماجی اور تعلیمی مسائل کا تقاضا ہے کہ طلبہ سیاست کو مزید منظم، فعال اور شعوری بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس او محض ایک تنظیم نہیں بلکہ بلوچ نوجوانوں کی سیاسی و فکری تربیت کا ایک تسلسل ہے، جس نے مختلف ادوار میں نوجوانوں کو اپنے قومی و اجتماعی مسائل کا ادراک کرنے اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کا راستہ دکھایا ہے۔ تنظیمی اداروں کو مضبوط بنانا، تنقید و خود تنقید کی روایت کو فروغ دینا اور سیاسی عمل میں نوجوانوں کی مؤثر شمولیت یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ بلوچ قومی تحریک کی تاریخ قربانیوں، فکری جدوجہد اور سیاسی استقامت سے عبارت ہے۔ شہید حمید بلوچ سمیت قومی جدوجہد کے تمام شہداء کی قربانیاں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچ نوجوانوں کو درپیش تعلیمی پسماندگی، بے روزگاری، سیاسی بے اختیاری اور اظہارِ رائے پر عائد قدغنوں کے خلاف منظم اور شعوری جدوجہد ناگزیر ہے۔ بی ایس او کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں میں سیاسی مکالمے، علمی و فکری مطالعے اور جمہوری رویوں کو فروغ دے تاکہ ایک باشعور، منظم اور ذمہ دار نسل کی تشکیل ممکن ہو۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم اپنی تاریخی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ کے حقوق اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔اجلاس کے اختتام پر زونل کابینہ تحلیل کرکے انتخابات کے انعقاد کے لیے تین رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کے چیئرمین مرکزی سیکریٹری اطلاعات شکور بلوچ جبکہ اراکین میں ایوب جاموٹ اور فیصل مینگل شامل تھے۔ الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں جمہوری انداز سے انتخابات منعقد ہوئے، جن کے نتیجے میں ایوب بلوچ صدر، ابرار رئیسانی سینئر نائب صدر، شاہ میر بلوچ جونیئر نائب صدر، کامران رودینی جنرل سیکریٹری، منصور بلوچ سینئر جوائنٹ سیکریٹری، شاہ زیب بلوچ جونیئر جوائنٹ سیکریٹری اور آغا حسنین شاہ سیکریٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔اجلاس میں نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ تنظیمی ذمہ داریوں کو سیاسی بصیرت، مستقل مزاجی اور قومی شعور کے ساتھ نبھاتے ہوئے شال زون کو مزید فعال، منظم اور متحرک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔


