پی ڈی ایم اے کا بلوچستان کے بالائی اور وسطی اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے حوالے سے موسمی الرٹ جاری

کوئٹہ (آن لائن) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) بلوچستان نے پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) اسلام آباد اور ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر (RMC) کوئٹہ کی پیشگوئی کی روشنی میں صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے امکان کے پیش نظر موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ ہفتہ کے روز ایک مغربی موسمی سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے زیرِ اثر 11 اور 12 جولائی 2026 کے دوران ژوب، شیرانی، کوہلو، دکی، ہرنائی، لورالائی، بارکھان، موسی خیل، خضدار، ڈیرہ بگٹی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواں اور گرج چمک کے باعث بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز، درختوں اور دیگر کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی تازہ ترین موسمی پیشگوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کریں۔ متوقع موسمی نظام کے باعث موجودہ گرم اور مرطوب موسم میں کمی آنے کی توقع ہے۔ عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ شدید بارش اور تیز ہواں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں اور اپنی حفاظت کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (DDMAs) اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، ہنگامی ردِعمل کے انتظامات کو فعال رکھیں، موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور تمام صورتحال سے متعلق رپورٹس و اپ ڈیٹس فوری طور پر صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کو ارسال کریں۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے موسمی معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی 24/7 ایمرجنسی ہیلپ لائن 1129 پر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں