حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں،علی مددجتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے نام پر سیاست کرکے یہاں کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع کا پیکیج صرف اور صرف ڈرامہ ہے، 2سالوں سے بلوچستان کو ترقی کے نام پر پسماندہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں جو حکومت بچانے کے لئے اب بلوچستان کا نام استعمال کرکے حکومت بچانا چاہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میر علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان کو صرف پیپلزپارٹی کے دور میں ترقی نصیب ہوئی اور بلوچستان پیکیج کے تحت 5ہزار سے زائد بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کا وفاق سے جو شیئر بنتا تھا وہ دلوایا گیا۔ اب وفاقی حکومت بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے نام پر سیاست کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سردی شروع ہوتے ہی گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے سوئی سدرن گیس کمپنی گیس کی فراہمی کے لئے کردار ادا کرے اور عوام کو اس بارے احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ورنہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ مل کر گیس پریشر میں کمی، بھاری بھرکم بلوں کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی۔ بلوچستان کے وسائل یہاں کے عوام پر خرچ نہیں کئے جارہے، ڈیرہ بگٹی سے گیس نکلتی ہے لیکن اس کا فائدہ بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ کے عوام کو نہیں ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید سردی میں بھی گیس جیسی نعمت سے محروم ہے۔سردی میں گیس اور موسم گرمامیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے یہاں کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں