کروناوائرس،لوگ علاج کی بجائے احتیاط کو ترجیح دیں،شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ لوگ علاج کی بجائے احتیاط کو ترجیح دیں،کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد ذریعہ گھر میں بیٹھ کر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں ہے، منگل کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے عوام کے نام اپنے جاری پیغام میں شکیلہ نوید دہوار نے عالمی وباء کو سنجیدہ لینے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کسی حدتک عالمی وباء پر قابو پالیا ہے تاہم بلوچستان جیسے پسماندہ صوبہ میں جہاں وسائل کی عدم دستیابی سے پہلے ہی لاکھوں افراد سالانہ ٹریفک حادثات، کینسر اور دیگر موزی امراض میں جاں بحق ہوتے ہیں وہاں عالمی وباء سے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کے بس میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھربالخصوص بلوچستان کے عوام کو اپنے اور اپنے اہلخانہ کے تحفظ کیلئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بتائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے وباء کو سنجیدہ نہ لینے کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں لہذا ہمیں چائیے کہ ہم علاج کی بجائے احتیاط کو ترجیح دیتے ہوئے کچھ وقت کیلئے گھروں میں بیٹھ کرسوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے اپنے سماج کے دیگر افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں