حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن زیر غورہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن زیر غور، لیکن ابھی اس کے شیڈول کا اعلان قبل از وقت ہے۔ سونامی کو ناکامی کے بعد اب بدنامی کا سامنا ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے آئینی طریقہ کار موجودہے، کسی غیر آئینی اقدام کا ساتھ نہیں دیں گے۔ پی ڈی ایم والوں نے چار چار دفعہ باریاں لیں۔ پی ٹی آئی نے ڈھائی سال میں نااہلی کے سبھی ریکارڈ توڑدیے۔ حکمران طبقہ نے 70 سالوں میں عوام سے بے وفائی کی ان سب کو گھر بھیجنا ہماری جدو جہد کا مقصد ہے۔حکومت معذور افراد کے لیے بہترین تعلیمی و طبی سہولتوں کا مفت بندو بست کرے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سینیٹر سراج الحق، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم،صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالشکور نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد میں تحائف بھی تقسیم کیے۔امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال،صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں