بہت جلد سلیکٹڈ حکمرانوں سے جان چھوٹ جائے گی،علی مددجتک
کو ئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بہت جلد ملک اور عوام کی سلیکٹڈ حکمرانوں سے جان چھوٹ جائے گی، سلیکٹڈ حکمرانوں نے مہنگائی، بے روزگاری اور معیشت کی تباہی کی شکل میں تبدیلی کا تحفہ دیا، بلاول بھٹو زرداری 24کروڑ عوام کا حقیقی ترجمان اور پی پی پی اصل معنوں میں ملک کی عوام کی خیر خواہ جماعت ہے اسی لئے جوق در جوق لوگ اس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں ڈیرہ بگٹی کے قبائلی و سیاسی رہنماء وڈیرہ بل پتی بگٹی کی برادری سمیت پی پی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سید اقبال شاہ، سربلند خان جوگیزئی، ولی محمد قلندرانی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈیرہ بگٹی کے قبائلی و سیاسی رہنماء وڈیرہ بل پتی بگٹی نے اپنی برادری سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ علی مدد جتک نے انہیں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو سوئی اورڈیرہ بگٹی سمیت صوبے میں مزید فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وڈیرہ میر بل پتی بگٹی نواب اکبر بگٹی کے قریبی ساتھیوں میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جو کام پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کئے وہ کسی اور پارٹی نے نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ آج بلا بھٹو زرداری 24کروڑ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اسی لئے آج لوگ جوق درجوق پی پی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میڈیا کی آزادی،مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور بہت جلد سلیکٹڈ حکمرانوں سے ملک اور عوام کی جان چھوٹ جائے گی۔ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر ملکی معیشت تباہ کردیا ہے اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، ملازمین سے نہ صرف تنخواہوں سے کٹوتی کی بلکہ روزگار فراہم کرنے والوں نے ہزاروں ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پشاور میں آکسیجن کی کمی کے باعث کورونا کے مریض انتقال کرگئے ہیں پیپلزپارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس سلسلے میں عدالتی کمیشن بناکر واقعہ کی صاف شفاف انکوائری کرائی جائے۔ صحافیوں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے ہر فیصلے پر عمل درآمد کرے گی، پی ڈی ایم پاکستان پیپلزپارٹی کی کوششوں سے ہی بنی ہے، 13دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب ہوگا اگر پی ڈی ایم نے استعفیٰ کا فیصلہ کیا تو پی پی استعفے دینے میں دیر نہیں کرے گی۔


