راولپنڈی: ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کیلئے جگہ فراہم کرنے کا حکم
راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے منگل کو کہا کہ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کے قیام کے لیے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) برادریوں کے حقیقی مطالبات کی تکمیل پر کام کر رہے ہیں۔
محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود میں زمین کا کوئی مناسب پلاٹ نہیں جسے ہندو اور مسیحی برادری تدفین کے لئے استعمال کرسکے۔
انہوں نے یہ بات راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے چیف آفیسر سید علی عباس بخاری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس میں بجلی کی کھپت کو کم کرنے کے لیے جدید میٹر استعمال کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں لیسکو نے کمیٹی چوک کے علاقے میں اسٹریٹ لائٹ سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سروے ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے کام میں نمایاں بہتری لائی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں میں فنڈز کے استعمال میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے رجحان کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ پر راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی دکانوں کے کرایوں میں 10فیصد سالانہ اضافے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنسلٹنٹس سے رجوع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے سرکاری مکانات پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کو بے دخلی کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، مکانات خالی نہ ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔


